صحت

اومیکرون پاکستان پہنچ گیا، کراچی کی رہائشی 65 سالہ خاتون میں وائرس کی تصدیق ہو گئی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی وضاحت بے بنیاد، پاکستان میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویریئنٹ کا پہلا کیس سامنے آ گیا جس کے بعد متعدی امراض کے ماہرین نے اومی کرون ویریئنٹ کے کراچی میں پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جبکہ ضلع شرقی میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے، کراچی سے تعلق رکھنے والی 65 سالہ خاتون میں اومی کرون ویریئنٹ کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل این سی او سی نے واضح کیا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے ویرینٹ اومیکرون آنے کی خبر ابھی مصدقہ نہیں ہے اور کراچی کی مریضہ کو ابھی تک مشکوک مریض ہی کہا جا سکتا ہے کیونکہ نجی ہسپتال نے مریض کا مکمل جینوم نہیں کیا۔

بہرحال اب محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ضلع شرقی کی رہائشی مذکورہ خاتون نے کورونا وائرس کی ویکسین نہیں لگوائی تھی جو نجی ہسپتال سے صحت یاب ہو کر گھر جا چکی ہیں۔ خاتون کے شوہر سمیت گھرانے کے 2 افراد بھی کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔

محکمہ صحت سندھ نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ متاثرہ خاتون کی کوئی ٹریول ہسٹری سامنے نہیں آئی ہے، اومی کرون کے شبہ میں خاتون سمیت 4 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تھا، چاروں افراد کو نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جن میں سے ان خاتون سمیت 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جبکہ ایک مریض کے رزلٹ کا انتظار ہے۔

محکمہ صحت سندھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2 افراد کو گھر بھیج دیا گیا ہے، جبکہ 2 مریض ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں، ان 4 افراد میں سے 1 شخص نے ویکسینیشن کرائی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے اومی کرون کا کیس سامنے آنے کے بعد ضلع شرقی میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔

اس حوالے سے پارلیمانی سیکرٹری صحت سندھ قاسم سومرو کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا کے اومی کرون ویریئنٹ کا ہمارے پاس پہلا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، متاثرہ خاتون کے رشتے داروں اور ملنے والوں کا کورونا ٹیسٹ ہو گا۔

قاسم سومرو نے کہا کہ انٹرنیشنل فلائٹس کھلی ہونے کے باعث اومی کرون ویریئنٹ کا ہونا ظاہر تھا، عالمی سطح پر اومی کرون کے بعض کیسز میں پی سی آر ٹیسٹ پازیٹو نہیں تھے۔

پارلیمانی سیکرٹری صحت سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس کا نیا ویریئنٹ بہت زیادہ تبدیل شدہ ہے، ”ہمارے پاس موجود پی سی آر کٹس ڈیلٹا ویریئنٹ پر فوکسڈ ہیں۔” ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ سیمپل لے کر اومی کرون کی تشخیص کی جائے تو مزید کیس سامنے آئیں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button