جمرود: انسداد پولیو مہم کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان
جمرود: ملک خاندان شیر خان خیل قبیلے نے بچوں کو پولیو قطرے پلانے سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق مشران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حکام نے غیرقانونی آپریشن کر کے ان کی آبادی مسمار کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پاس کام کرنے کا عدالتی ورک آرڈر تھا اور اس کے علاوہ مخالف فریق کے ساتھ حدبندی کا تعین بھی ہو چکا تھا اس لئے شیرخان خیل ملک خاندان دن کے وقت قانونی طور پر اپنا کام جاری رکھے ہوئے تھا مگر پولیس حکام نے رات کے وقت غیرقانونی آپریشن کیا، آبادیاں مسمار کر دیں اور ملک خاندان کے 7 ایسے پولیس اہلکاروں کو معطل کیا جو سرکاری مورچوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کل سے شروع ہونے والے پولیو مہم سے مکمل بائیکاٹ ہو گا جو تب تک جاری رہے گا جب تک حکومت نقصانات کا ازالہ اور دوبارہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔