نوشہرہ: ویکسین نہ کرنے والوں کو پبلک مقامات پر سروسز فراہم نہیں کی جائیں گی
نوشہرہ کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا ویکسینشین کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ میر رضاء اوزگن نے 30 ستمبر کے بعد کورونا ویکسینیشن کے بغیر سرکاری سروسز کے بعد پبلک مقامات پر بھی ہر قسم کے سروسز کی فراہمی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کے بغیر بس اڈوں، پٹرول پمپس، سپر سٹورز، شادی ہال ، بینکوں ، یوٹیلیٹی سروسز، ہسپتالوں میں علاج اور دیگر عوامی سروسز فراہم نہیں کئے جائینگے۔
فیصلے کا اطلاق پہلے انتقالات، ڈومیسائل سرٹیفیکیٹ، اسلحہ لائسنس، این او سی، رجسٹری ، فرد اجراء اور دیگر حکومتی سروسز پر نافذ ہوگا۔
خلاف ورزی پر بس اڈہ جات، پٹرول پمپس، سپر سٹورز، شادی ہال، بینک اور دوکانیں سیل کئے جائینگے۔ ضلع بھر کے تمام تحصیلوں میں حکم نامہ 30 ستمبر سے نافذ ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے تمام ضلعی محکموں کے سربراہان ، انتظامی افسران ، برانچز کے سربراہان کو عملدرامد یقینی بنانے کے لئے احکامات جاری کردیئے ہیں۔