مسلسل غیرحاضری پر خیبر پولیس کے 10 اہلکار نوکری سے برخاست
ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دواتوئی و مہربان چیک پوسٹ پر ڈیوٹی سے مسلسل غیرحاضری پر 10 پولیس اہلکاروں کو قانونی کارروائی کے بعد نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔
ڈی پی او خیبر ڈاکٹر اقبال کے مطابق ڈیوٹی سے غیرحاضر پولیس اہلکاروں کے لئے ضلع خیبر پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کوئی جگہ نہیں ہے اور اسی بناء پر آج ایک کاروائی عمل میں لائی گئی جس میں مسلسل ڈیوٹی سے غیر حاضری پر دواتوئی چیک پوسٹ کے 10 پولیس اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔
ڈی پی او خیبر کے مطابق ضلع خیبر میں پولیس نظام کو مضبوط بنا رہے ہیں اور اس لئے خود احتسابی کے نظام کو مضبوط کر رہے ہیں، جو لوگ ڈیوٹی کریں گے ان کو عزت دی جائے گی اور جو لوگ ڈیوٹی میں غفلت کریں گے ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی کیونکہ خود احستابی کے بغیر کوئی بھی ادارہ مضبوط نہیں ہو سکتا۔
ٹی این این کے ساتھ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ضلع خیبر میں پولیس نظام کی مضبوطی اور علاقے میں منشیات فروشی سمیت کرپشن کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات اٹھا رہے ہیں جس کا مقصد عوام کو ریلیف دینا اور پولیس پر عوام کے اعتماد کو مضبوط بنانا ہے۔