عامر خان اور کرن راؤ کا پہلا ویڈیو بیان سامنے آ گیا
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور ان کی سابق اہلیہ کرن راؤ کا طلاق کے اعلان کے بعد پہلا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں غیر متوقع طور پر دونوں کافی خوش نظر آ رہے ہیں اور دونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ بھی تھاما ہوا ہے۔
بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عامر خان اور کرن راؤ اپنے مداحوں سے کافی خوشگوار موڈ میں کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ہماری طلاق کی خبر سن کر تو آپ لوگوں کو دکھ بھی ہوا ہو گا، اچھا نہیں لگا ہو گا، شاک (صدمہ) لگا ہو گا، ”ہم بس اتنا آپ کو کہنا چاہتے ہیں کہ ہم دونوں بہت خوش ہیں اور علیحدگی کے باوجود ہم ایک ہی پریوار (خاندان) ہیں، ہمارے رشتے میں تبدیلی آئی ہے، لیکن ہم لوگ ایک دوسرے کے ساتھ ہی ہیں تو آپ لوگ ایسا کبھی مت سوچئے گا۔”
عامر خان نے اپنے اور ان کی سابق اہلیہ کرن راؤ کے غیرمنافع بخش فلاحی ادارے ’’پانی‘‘ کو اپنی اولاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی فاؤنڈیشن ہمارے لیے آزاد کی طرح ہے جو ہمارا بچہ ہے، آزاد ویسے ہی پانی فاؤنڈیشن ہے تو ہم لوگ ہمیشہ فیملی ہی رہیں گے، ”ہمارے لیے آپ لوگ دعا کریں کہ ہم خوش رہیں، بس یہی کہنا تھا ہم لوگوں کو۔”
واضح رہے کہ عامر خان اور ان کی دوسری اہلیہ کرن راؤ نے گزشتہ روز شادی کے 15 سال بعد علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے باہمی رضامندی سے اپنی شادی ختم کی ہے اور وہ دونوں اپنے بیٹے آزاد کی پرورش مل کر کریں گے۔