عامر خان اور انکی اہلیہ کے درمیان طلاق ہوگئی
بالی ووڈ اداکار عامر خان اور ان کی دوسری اہلیہ کے درمیان طلاق ہو گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار عامر نے 15 سال بعد اپنی دوسری اہلیہ فلمساز کرن راؤ کو طلاق دی۔ دونوں نے شادی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا۔
دونوں کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ شادی کے 15 سالوں میں ہم نے کئی مختلف تجربات کیے اور خوشگوار لمحات ساتھ گزارے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا رشتہ صرف بھروسے، عزت اور محبت کی بنیاد پر پرواز چڑھا۔ علیحدگی کے بعد اپنی زندگی کا نیا باب شروع کرنے جا رہے ہیں جبکہ بیٹے آزاد راؤ خان کے والدین کے طور پر ہم فیملی ہیں۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ہم کافی عرصے سے علیحدگی کے بارے میں سوچ رہے تھے لیکن یہ فیصلہ اب کیا ہے۔
خیال رہے کہ عامر خان نے فلمساز کرن راؤ سے دوسری شادی 28 دسمبر 2005 میں کی تھی، دونوں کی ملاقات معروف فلم لگان کی شوٹنگ پر ہوئی تھی جہاں کرن بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرائض سرانجام دے رہی تھیں جب کہ عامر خان فلم میں مرکزی کردار نبھا رہے تھے۔
بالی وڈ اداکار کی پہلی اہلیہ رینا دتہ تھیں جن سے ان کے دو بچے جنید خان اور ایرا خان ہیں، عامر خان کی رینا دتہ سے طلاق شادی کے 16 سال بعد سال 2002 میں ہوئی۔