پشاور: میٹرک امتحانات کل سے شروع ہونگے، نقل کی روک تھام کے لیے سخت انتظامات کا بندوبست

پشاور تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام میٹرک امتحانات 8 اپریل سے شروع ہونگے، جس میں 1 لاکھ 92 ہزار سے زائد طلباء حصہ لے رہے ہیں۔ نویں جماعت میں 1 لاکھ 1 ہزار 488 اور دسویں جماعت میں 91 ہزار 86 طلباء امتحان دیں گے۔ پشاور، چارسدہ، خیبر، مہمند اور چترال میں 8 اپریل سے ہونے والے امتحانات کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
میٹرک امتحانات کے لیے 712 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ پشاور میں 359، چارسدہ میں 164، خیبر میں 80، مہمند میں 25 اور چترال میں 84 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ پشاور میں 204 لڑکوں، 129 لڑکیوں اور 26 مشترکہ امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کی تفصیلات طے کی گئیں۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ نقل کی روک تھام کے لیے مشکوک پرائیویٹ امتحانی ہالوں کو قریبی سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں منتقل کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، پہلی مرتبہ اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی نقل کی روک تھام کے لیے ذمہ داری تفویض کی گئی ہے، اور پاکٹ گائیڈز کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اور سی سی ٹی وی کیمرے امتحانی ہالوں میں نصب کیے گئے ہیں تاکہ نقل اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں مدد مل سکے۔