خیبرپختونخوا، میٹرک کے سالانہ امتحانات کل سے شروع ہونگے
سید ذیشان
خیبرپختونخوا کے 8 تعلیمی بورڈز کے تحت نہم و دہم کے سالانہ امتحانات کل سے شروع ہونگے۔ سالانہ امتحانات میں صوبے بھر کے نہم و دہم کے 8 لاکھ 81 ہزار 914 طلبہ و طالبات شرکت کرینگے۔ ٹی این این کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق جماعت نہم کے 4 لاکھ 53 ہزار 6 سو 62 اور جماعت دہم کے 4 لاکھ 28 ہزار 252 طلبہ امتحان میں حصہ لینگے۔
سب سے زیادہ پشاور بورڈ کے 1 لاکھ 83 ہزار 3 سو 35 طلبہ و طالبات کے لیے انتظامات کئے گئے ہیں۔ مالاکنڈ بورڈ کے 1 لاکھ 14 ہزار 8 سو 98، ایبٹ آباد بورڈ کے 1 لاکھ 43 ہزار 3 سو 37، مردان بورڈ کے 1 لاکھ 45 ہزار 6 سو 65،بنوں 59 ہزار 327، کوہاٹ بورڈ کے 96 ہزار 14، سوات 95 ہزار 605 اور ڈی آئی خان بورڈ کے 48 ہزار 7 سو 23 طلبہ امتحان میں شرکت کرینگے۔
کل سے شروع ہونے والے امتحانات کے لیے صوبے بھر میں 3 ہزار 5 سو 28 امتحانی ہالز قائم کیے گئے ہیں جبکہ نقل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے امتحانی ہالز میں 3 سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔
چیئرمین خیبرپختونخوا آل بورڈز پروفیسر نصر اللہ خان کے مطابق نقل کی روک تھام کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے اور جس طالب علم نے کوئی گائیڈ وغیرہ خریدا ہے تو وہ ہوشیار ہو جائے کیونکہ صوبہ بھر میں ایک جیسا ایس ایل او بیسڈ پرچہ تیار کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق جس ہال سے پرچہ لیک ہوا تو اسی ہال کے انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ نصر اللہ کے مطابق صوبے کے آٹھ تعلیمی بورڈز نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور امتحانات کے پرامن انعقاد کے لئے تمام سٹاف کوشاں ہے۔ صوبے کے تمام 3ہزار 528 امتحانی ہالز میں نہ صرف طلباء کی سہولیات کا خیال رکھا گیا ہے بلکہ سٹاف کی سہولیات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔