تعلیم

آل ٹیچرز ایسوسی ایشن شمالی وزیرستان نے احتجاج کی دھمکی دے دی

 

آل ٹیچرز ایسوسی ایشن شمالی وزیرستان نے دھمکی دی ہے کہ اگر ان کے تمام جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم نہ کیا گیا تو 22 فروری سے تمام اساتذہ کلاسز کا بائیکاٹ کرکے سکولز کو تالے لگا دیں گے۔

جمعرات کو ڈسٹرکٹ پریس کلب میرانشاہ میں آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر عزیز داوڑ اور دیگر اساتذہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اساتذہ نے قوم و ملک کی خاطر ہمیشہ پولیو ، الیکشن اور مردم شماری میں انتہائی نا مساعد حالات میں بھی اپنے فرائض سرانجام دیئے ہیں اور کبھی شکوہ نہیں کیا ہے۔ لیکن حالیہ الیکشن کے دوران اساتذہ بالخصوص خواتین اساتذہ کی جو تذلیل کی گئی اور جس طرح سے ان کے عزت نفس کو مجروح کیا گیا وہ ناقابل برداشت ہے۔

اساتذہ اس صورتحال کو قبول کرنے کیلئے کسی طور پر بھی تیار نہیں اس لئے حکومت کو اخری دفعہ وارننگ دی جاتی ہے کہ اساتذہ کے ساتھ تذلیل امیز سلوک کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے ورنہ تمام اساتذہ 22 فروری سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کرینگے جس میں کلاسز بائیکاٹ اور سکولوں کی تالہ بندی بھی شامل ہوگی۔

اساتذہ کی طرف سے پاس ہونے والے ایک متفقہ قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کی دھمکی کو محض دھمکی نہ سمجھا جائے بلکہ اس کو سنجیدگی سے لیا جائے تاکہ وزیرستان کے سکولوں کی بندش سے بچا جائے اور بچوں کے وقت کو ضائع ہو نے سے بچایا جائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button