آفتاب مہمند
خیبر پختونخوا پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسوسی ایشن نے الیکشن ڈیوٹی کی بائیکاٹ کی دھمکی دیدی۔ پراوینشل سیلیکشن بورڈ میں تاخیر پر الیکشن ڈیوٹیوں سے بائیکاٹ کی دھمکی دی گئی ہے۔
رابطہ کرنے پر خیبر پختونخوا پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسوسی ایشن ( کیپلا) کے صوبائی صدر جمشید خان نے ٹی این این کو بتایا کہ گزشتہ 14 ماہ سے پراوینشل سلیکشن بورڈ کا انعقاد نہ کرنے پر کالج پروفیسرز میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ کالجز اساتذہ سے وعدہ کیا گیا تھا کہ ستمبر میں پراوینشل سیلیکشن بورڈ کا اجلاس کرکے انکے اگلے گریڈز میں ترقیوں کا دیرینہ مسئلہ حل کیا جائے گا۔ ستمبر کے بعد انکو نومبر میں بورڈ کے اجلاس کے انعقاد کا بتایا گیا تاہم سال ختم ہونے والا ہے اور انکا مطالبہ ابھی تک تسلیم نہیں کیا گیا۔
جمشید خان نے مزید بتایا کہ اگلے گریڈ میں ترقی ہر سرکاری ملازم کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ خیبرپختونخوا میں سرکاری کالجز کے پروفیسرز اس حق سے محروم ہیں۔ اگلے گریڈز میں پروموشنز انکا بھی حق بنتا ہے۔ ترقی کے حقدار کئی پروفیسرز خالی آسامیوں کی موجودگی کے باوجود اگلے گریڈز میں ترقی سے محروم ریٹائرڈ ہو گئے ہیں جبکہ ہزاروں کالجز اساتذہ اگلے گریڈز میں پروموشنز کیلئے منتظر ہیں۔ تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے معماران قوم کے حق پر ڈاکہ ڈالنا سراسر نا انصافی ہے۔
جمشید خان کا مزید کہنا تھا کہ سیلیکشن بورڈ کا اجلاس بلانا اور انکا مسئلہ حل کرنا کوئی نیا مطالبہ نہیں اور نہ اسی مطالبے کا انتخابات سے براہ راست کوئی تعلق ہے۔ انکا مسئلہ تو 14 ماہ سے التوا کا شکار ہے لہذا چیف سیکرٹری اسٹبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی گزشتہ نوٹیفیکیشن کی روشنی میں ذمہ داری نبھائیں۔
انکا کہنا تھا کہ اگر انکا مطالبہ نہیں مانا گیا تو صوبے کے 350 کالجز کے 12 ہزار لیکچرارز، پروفیسرز اور لائبریرینز ہر قسم الیکشن ڈیوٹیوں سے بائیکاٹ کر سکتے ہیں جسکے لئے جلد ہی کیپلا کی صوبائی کابینہ کا اجلاس بلا کر باقاعدہ ایک لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
اسی حوالے سے رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر کالجز فرید اللہ شاہ نے ٹی این این کو بتایا کہ پروموشنز ملنا کالجز سمیت تمام سرکاری ملازمین کا حق ہے تاہم ایک تو اس وقت نگران حکومت چل رہی ہے بعض اوقات فنانس کے ایشوز بھی سامنے آ جاتے ہیں۔ جہاں تک کالجز اساتذہ کے پروموشنز کی بات ہے تو اسی حوالے سے ڈائریکٹوریٹ و سیکرٹریٹ لیول پر بھرپور کوشیشیں ہو رہی پیں اور امید کی جارہی ہے کہ انکا یہ مسئلہ جلد حل کیا جائے گا۔ اس سوال کے جواب پر "اساتذہ نے پروموشنز کیلئے صوبائی سیلیکشن بورڈ نہ بلانے اور انکا مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں آنے والے انتخابات میں ڈیوٹیاں نہ کرانے کی دھمکی دی ہے” فرید اللہ شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں امید بھی ہے اور وہ کوشاں بھی ہیں کہ کالجز اساتذہ کا مذکورہ مسئلہ جلد حل کیا جائے گا۔