تعلیم

خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی 12 ہزار سے زائد آسامیاں خالی

 

آفتاب مہمند

خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی 12 ہزار 984 آسامیاں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ان میں سب سے زیادہ 11 ہزار 978 ڈسٹرکٹ کیڈر کی آسامیاں شامل ہیں۔ مختلف کیڈرز سے تعلق رکھنے والے سکیل 12 اور پندرہ کی خواتین اور مرد اساتذہ کی آسامیاں تاحال پر نہیں کی گئیں۔ آسامیاں پشاور اور خیبر پختونخوا کی ضم شدہ اضلاع کے سرکاری سکولوں میں خالی پڑی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ایس ایس ٹیز کی 1006 آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ ڈسٹرکٹ کیڈر میں 7275 معلمات اور 4703 میل اساتذہ، ایس ایس ٹیز میں 637 میل اور 369 فی میل اسا تذہ کی ضرورت ہے۔ سب سے زیادہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں 891، دوسرے نمبر پر سوات میں 824 اور تیسرے نمبر پر مردان میں 790 پوسٹیں خالی پڑی ہیں۔

مرد سی ٹی گریڈ 15 کی 1171، ڈرائینگ ماسٹر گریڈ 15 کی 390، فزیکل ایجوکیشن ٹیچر گریڈ 15 کی 388، عربی ٹیچر گریڈ 15 کی 424، ٹی ٹی گریڈ 15 کی 302، قاری گریڈ 12 کی 195، سی ٹی آئی ٹی گریڈ 12 کی 75 اور سب سے زیادہ پی ایس ٹی گریڈ 12 کی 4330 آسامیاں خالی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر مرد اساتذہ کی 7275 پوسٹوں پر بھرتی ہونا باقی ہے۔ اسی طرح فی میل کوٹے میں سی ٹی کی 558، ڈی ایم 272، پی ای ٹی 305 اے ٹی 312، ٹی ٹی 140، قاریہ 56، سی ٹی آئی ٹی 56، پی اور ایس ٹیز کی 2957 اسامیاں خالی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق درکار فی میل اساتذہ کی مجموعی تعداد 4703 بنتی ہے۔ ایس ایس ٹیز کیڈر میں فی میل جنرل کی 163، بائیو کیمسٹری کی 48، میتھس فزکس 114 اور آئی ٹی کی 44 آسامیوں کو پر کرنا ہوگا۔ اسی طرح میل میں جنرل کی 334، بائیو کیمسٹری 125، میتھس فزکس 130 اور آئی ٹی کی 60 پوسٹیں خالی ہیں۔

اس حوالے سے رابطہ کرنے پر سیکرٹری برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا معتصم باللہ نے ٹی این این کو بتایا کہ چونکہ پورے ملک میں اس وقت الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہر طرح کی بھرتیوں پر پابندی عائد کی ہوئی ہے تو ایسے میں محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا میں بھی نئی بھرتیوں پر پابندی عائد ہے۔

تعلیم ملک بھر میں سب سے بڑا ڈیپارٹمنٹ ہے جسکے کئی شعبوں میں لاکھوں سرکاری ملازمین کام کررہے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں عمر کے لحاظ سے، میڈیکل بنیاد یا دیگر بعض وجوہات کی بناء پر سالانہ 10 سے 12 ہزار تک ملازمین ریٹائرڈ ہو جاتے ہیں۔ اگر ایک محکمے میں 3 لاکھ تک ملازمین کام کرتے ہیں تو 10، 12 ہزار تک تو سالانہ ریٹائرڈ بھی ہو جاتے ہیں پھر نئی بھرتیاں کیجاتی ہیں اور یہ ایک معمول کا عمل رہتا ہے۔

معتصم باللہ کا مزید کہنا تھا کہ نئی بھرتیوں کیلئے ڈائریکٹوریٹ جنرل انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز خیبر پختونخوا کے ذریعے باقاعدہ اشتہار دیا جاتا ہے لیکن الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں نئی بھرتیاں نہیں کی جا سکتیں۔ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا کیجانب سے اس وقت خیبر پختونخوا کے تمام سرکاری سکولوں میں ریشنلآئزیشن کا عمل بھی جاری ہے جو کافی حد تک مکمل ہو گیا ہے یعنی وہ سکولز جہاں پڑھنے والے بچوں کی تعداد کم ہے اور وہاں اساتذہ کی زیادہ تعداد ہوتی ہے لہذا ان میں سے اضافی اساتذہ کو زیادہ تعداد والے بچوں کے سکولوں میں ایڈجسٹ کیا جارہا ہے تاکہ بچوں کی پڑھائی کا سلسلہ متاثر نہ ہو۔ مزکورہ عمل مکمل ہونے کے بعد ہی خالی آسامیوں کا صحیح اندازہ لگایا جا سکے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button