ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ٹاپ کرنے والی عزرا ریاض نے کوہاٹ بورڈ بھی ٹاپ کرلیا
آفتاب مہمند
خیبر پختونخوا میں حالیہ منعقدہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ٹاپ کرنے والی عزرا ریاض نے کوہاٹ بورڈ بھی ٹاپ کرکے تاریخ رقم کر دی۔ عزرا ریاض نے کوہاٹ کے تعلیمی بورڈ سے ایف ایس سی پری میڈیکل میں 1027 نمبر حاصل لیکر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
رابطہ کرنے پر عزرا کے والد محمد ریاض نے ٹی این این کو بتایا کہ وہ خود کوہاٹ کے ڈاکٹر بانڈہ کے ایک سرکاری مڈل سکول میں استاد ہیں۔ ان کا بنیادی تعلق کاغذئی علاقہ تاندہ ڈیم سے ہے۔ ان کی بیٹی عزرا نے کلاس کے جی سے لیکر ایف ایس سی تک ساری تعلیم اقرا پبلک سکول اینڈ کالج، کوہاٹ سے حاصل کی ہے۔
عزرا نے کوہاٹ بورڈ سے میٹرک میں بھی 1086 نمبرز لیکر پانچویں پوزیشن لی تھی۔ اسی طرح فرسٹ ایئر میں وہ 516 نمبرز کیساتھ دوسری پوزیشن پر تھی لیکن سیکنڈ میں وہ بورڈ بھر میں ٹاپ پر آگئی۔ یقینا اہل خانہ کیلئے آج خوشی کی ایک بہت بڑا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک بیٹی کے لیے کبھی امتحان یا وائیوا میں سفارش نہیں کی کیونکہ وہ اپنی بیٹی کا ٹیلنٹ و شوق دیکھ کر ضرورت ہی محسوس نہیں کر رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بچپن سے وہ عزرا کو پیار سے بیٹی پکارنے کی بجائے بیٹا کہتے ہیں۔ عزرا ان کی سب سے بڑی بیٹی ہے۔ والد اور بیٹی ایک دوست کی طرح بھی ہیں۔ بچپن سے جب انکو معلوم تھا کہ انکی بیٹی کافی محنتی ہے اور بہت شوق سے پڑھ رہی ہے لہذا ایک نہ ایک دن وہ والدین کا نام ضرور روشن کریگی۔ آج وہ دن ہے کہ عزرا نے ایک تاریخی کامیابی لیکر والدین اور اہل خانہ کو پورے ملک میں ایک پہچان دیا۔ ان کو یقین تھا کہ انکی بیٹی کی محنت رنگ لائے گی اسلئے وہ بیٹی سے کبھی بھی مارکس کا نہیں پوچھتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ بطور والد آج وہ مان رہے ہیں کہ انسان کی محنت کبھی ضائع نہیں ہوتی انکی بیٹی ایک بہت بڑی مثال ہے۔ محمد ریاض نے بتایا کہ انکی تو خواہش ہے کہ عزرا سی ایس ایس کا امتحان دیکر وہاں بھی پوزیشن حاصل کرلیں۔
دیگر اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ آرمی میڈیکل کالج میں داخلہ لیں لیکن عزرا خود خیبر میڈیکل کالج میں داخلہ لینا چاہتی ہے۔
محمد ریاض نے مزید بتایا کہ عزرا نے انہیں کہا ہے کہ بابا فکر مت کریں زندگی رہی تو ایک وہ دن سی ایس ایس کا امتحان بھی دیکر انکا نام روشن کریگی۔