پشاور میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سے پہلے مشکوک رجسٹریشن پر 9 افراد کی گرفتاری کا انکشاف
پشاور میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سے پہلے مشکوک رجسٹریشن پر 9 افراد کی گرفتاری کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق 9 مشکوک امیدواروں نے ٹیسٹ سے قبل ایک ہی موبائل فون نمبر سے رجسٹریشن کی تھی۔ ٹیسٹ کیلئے 46 سالہ شخص کی رجسٹریشن کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایٹا نے ٹیسٹ میں نقل کی منصوبہ بندی سے متعلق تمام کمشنرز کو پہلے ہی آگاہ کیا تھا۔ ایٹا نے بتایا تھا کہ سوشل میڈیا پر ٹیسٹ آؤٹ کرنے کی خبریں زیر گردش ہیں۔
یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں منعقدہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوران بلیو ٹوتھ کے ذریعے نقل اور پیپر لیک ہونے کا سکینڈل سامنے آیا تھا۔
اس کے بعد ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں بلیو ٹوتھ ڈیوائس اور دیگر تکنیکی آلات کے استعمال کے واقعات کی چھان بین اور روک تھام کیلئے خیبر پختونخوا حکومت نے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم قائم کی۔ ٹیم ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس سپیشل برانچ کی سربراہی میں کام کرے گی اور 7 روز کے اندر اندر اپنی رپورٹ حکومت کو جمع کرائے گی۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق ملک کے 31 شہروں اور دبئی اور سعودی عرب میں یہ ٹیسٹ لیا گیا ہے جس میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد طلبہ شریک تھے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف چند اضلاع میں ٹیسٹ میں نقل کی شکایات کے علاوہ ملک کے کسی بھی سنٹر پر اس قسم کی شکایات سامنے نہیں آئی ہیں چونکہ ملک بھر میں یہ ٹیسٹ سنٹر لائزڈ تھا اس لئے دوبارہ ٹیسٹ لینے کا چانس بہت کم ہے۔
محکمہ اعلی تعلیم خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں 200 سے زائد طلباء بلیو ٹوٹھ اور دیگر جاسوسی الات کے ذریعے نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے جن کے خلاف ایم آئی آرز بھی درج کی گئی ہیں۔