تعلیم

مردان: 1080 نمبرز لینے والے طالب علم پہلی پوزیشن سے محروم کیوں؟

عبدالستار

مردان میں گورنمنٹ ہائی سکول تخت بھائی کے طالب علم محمد آصف نے حالیہ میٹرک امتحانات میں 1080 نمبر حاصل کئے ہیں لیکن نتائج کے مطابق پہلی پوزیشن مردان کے تعلیمی بورڈ میں 1075 نمبرز لینے والے دو طالبات کے حصے میں آئی ہے۔

محمد آصف کے مطابق مردان بورڈ سے میٹرک امتحانات میں زیادہ نمبرز لینے کے باوجود وہ پہلی پوزیشن اور ستائش کی سرٹیفکیٹ سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ وہ اس عمل کو مردان تعلیمی بورڈ کی غلطی قرار دے رہے ہیں۔

محمد آصف کے مطابق نویں جماعت کے سالانہ امتحان میں انہوں نے 550 میں 515 نمبرز حاصل کئے تھے تاہم مطمئن نا ہونے کی وجہ سے بعدازاں سپلیمنٹری امتحان میں چار پرچے دینے کے بعد ان کے نمبر 542 آ گئے جبکہ حالیہ میٹرک نتائج میں انہوں نے 538 نمبرز حاصل کئے جس سے میٹرک میں کل 1080 نمبرز بنتے ہیں۔

محمد آصف کا دعویٰ ہے کہ مردان بورڈ ٹاپ کرنے والے طالبات سے ان کے نمبرز زیادہ ہے لیکن کسی نے نہ ان کی حوصلہ افزائی کی اور نہ ہی انہیں کوئی تعریفی سرٹیفیکٹ سے نوازا گیا۔

ادھر مذکورہ سکول کے پرنسپل خورشید خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار، پانچ سالوں سے ان کا سکول بہتر زرلٹ پیش کر رہا ہے اور پچھلے سال ان ہی کے سکول کے ایک طالب علم نے مردان بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کی تھی اور اس بار بھی پہلی پوزیشن ان کے شاگرد نے حاصل کی ہے لیکن بدقسمتی سے مردان تعلیمی بورڈ نے محمد آصف کو پوزیشن ہولڈرز طلباء میں شامل نہیں کیا۔

ان کے بقول حالیہ سالانہ امتحانات میں گورنمنٹ ہائی سکول تخت بھائی کے پانچ سو 38 طلباء نے امتحان دیا تھا جس میں 64 طلباء نے ایک ہزار سے زیادہ نمبرز حاصل کئے ہیں، 175 طلباء نے اے ون گریڈ حاصل کیا جبکہ 100 طلباء نے اے گریڈ حاصل کیا ہے۔

دوسری جانب مردان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے کنٹرولر امتحانات عشرت علی نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے تمام تعلیمی بورڈ کے رولز ہیں کہ بورڈ کلینڈر کے مطابق جس طلبا وطالبات نےجماعت نہم ایمپرومنٹ یا پیپر کینسل کرکے دوبارہ امتحان دیا ہو وہ طلبہ میٹرک کے پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات کی لسٹ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ ہائی سکول تخت بھائی کے طالب علم محمد آصف نے بھی جماعت نہم میں ایمپرومنٹ کا امتحان دیا تھا جس کی وجہ سے ان کے نمبرز بڑھ گئے تھے اور یہی وجہ ہے کہ وہ مردان کے تعلیمی بورڈ میں پوزیشن ہولڈر طلبا میں شامل نہیں کئے گئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختوںخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ آٹھ تعلیمی بورڈز نے ایک ساتھ  وزیراعلی ہاؤس پشاور میں تقریب کے دوران سال 2023 میٹرک امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا تھا جس میں ہر تعلیمی بورڈ کے میٹرک کے امتحان میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن لینے والے طلبہ وطالبات کو نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعظم خان کے ہاتھوں انعامات اور تعریفی سرٹیفیکیٹ دئے گئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button