تعلیم

دیر: آچر بالا کا وہ واحد ہائی سکول جہاں اب تک پرنسپل تعینات نہ ہو سکا

زاہد جان دیروی

سات ہزار آبادی پر مشتمل دیر بالا کے تحصیل شرینگل کے علاقے آچر بالا کے واحد گورنمنٹ ہائی سکول میں سائنس اور دیگر مضامین پڑھانے والے اساتذہ کی کمی کے باعث طلباء کا مستقبل تاریک ہو رہا ہے۔

آصف خان گورنمنٹ ہائی سکول آچر بالا میں آٹھویں جماعت کا طالب علم ہیں۔ ٹی این این سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سکول میں پہلے ہی سے اساتذہ کی کمی ہے جبکہ جو اساتذہ سکول میں تعینات ہیں وہ بھی باقاعدگی سے سکول نہیں آتے جس کی وجہ سے ہماری پڑھائی متاثر ہو رہی ہے۔ آصف کے بقول سکول میں 300 کے قریب طلباء پڑھ رہے ہیں جبکہ اگر اس پسماندہ علاقے کے واحد سکول میں سٹاف کی کمی کو پورا نہیں کیا گیا تو خدشہ ہے کہ مزید طلباء تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہوجائیں گے۔

سماجی ورکر صدارت خان کے مطابق 1998 میں قائم ہونے والے گورنمنٹ ہائی سکول اچر بالا میں اب تک پرنسپل تعینات نہ ہوسکا اور نہ ہی سکول میں دیگر مضامین پڑھانے والے اساتذہ کی کمی کو پورا کیا گیا جس کی وجہ سے اس پسماندہ علاقے کے طلباء کو اپنے کورس مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔

ان کے بقول آچر بالا ہائی سکول میں کل اساتذہ کی منظور شدہ 15 آسامیاں ہیں جن میں صرف سات اساتذہ تعینات جبکہ باقی نشستیں خالی ہے اور ان سات اساتذہ میں سے بھی تین یا چار ڈیوٹی دے رہا ہے۔ ٹی این این سے گفتگو میں صدرات خان نے بتایا سکول میں پرنسپل، ایس ایس ٹی، کمیسٹری، بیالوجی، پی ای ٹی اور قاری سمیت دیگر پوسٹ خالی ہیں جس کے باعث بچوں کی پڑھائی متاثر ہو رہی ہیں جبکہ بدقسمتی یہ ہے کہ اس سکول میں میٹرک کے بعد کوئی طالب علم آگے تعلیم حاصل نہ کر سکا۔

انہوں نے بتایا کہ مین گیٹ اور چاردیواری سمیت سکول میں لیبارٹری، پرنسپل آفس اور دیگر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے سکول کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے، اس کے علاوہ آچر بالا میں لڑکیوں کے لیے ایک بھی گرلز سکول نہیں ہے جس کی وجہ سے سیکڑوں بچیاں تعلیم جیسے عظیم نعمت سے محروم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہم نے متعدد بار ڈپٹی کمشنر دیر اور ایجوکیشن آفس کو مذکورہ سکول میں سٹاف کمی کو پورا کرنے کیلئے درخواستیں دئے ہیں تاہم ابھی تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا اعلیٰ حکام ہمارے بچوں اور بچیوں پر رحم کریں، بچیوں کے لیے الگ سکولز جبکہ لڑکوں کے ہائی سکول میں اساتذہ کی کمی کے ساتھ دیگر سہولیات کو فی الفور پورا کریں۔

دوسری جانب ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد اقبال نے ٹی این این کو بتایا کہ ان کے نوٹس میں مذکورہ سکول میں سٹاف کی کمی کا معاملہ سامنے آیا ہے اور وہ اس سلسلے میں بذات خود گورنمنٹ ہائی سکول آچر بالا کا دورہ کریں گے اور وہاں اساتذہ کی کمی سمیت دیگر بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button