کرک سے تعلق رکھنے والی حفصہ خٹک بین الاقوامی اسکالر شپ کے لیے منتخب ہو گئی
خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے پسماندہ علاقے نری پنوس سے تعلق رکھنے والی حفصہ خٹک امریکا میں یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے لیے منتخب ہو گئی۔
یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام میں پاکستان بھر سے 15 طلباء و طالبات منتخب ہوئے ہیں، جن میں خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والی جماعت نہم کی طالبہ حفصہ خٹک بھی شامل ہیں۔
حفصہ خٹک یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت امریکہ میں مفت تعلیم حاصل کریں گی۔
اس سلسلے میں یو ایس ایجوکیشن اینڈ کلچر آفئیر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے حفصہ خٹک کو ایک خط موصول ہوئی ہے جس میں حفصہ خٹک کو یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام میں مںتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی ہے۔
حفصہ خٹک نے اس کامیابی کا سہرا اپنے والدین کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس کامیابی پر بہت خوشی ہیں، بیرونی ملک امریکہ جا کر اپنے وطن عزیز کی بہترین نمائندگی کروں گی اور نہ صرف کرک بلکہ پورے پاکستان کا نام روشن کروں گی۔
حفصہ خٹک کا کہنا ہے کہ وہ یوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی پروگرام میں منتخب ہونے پر والدین، بھائیوں سمیت تمام اساتذہ کی شکر گزار ہے۔
حفصہ خٹک کے والد اسرار خٹک نے کہا کہ یہ صرف حفصہ خٹک کی کامیابی نہیں بلکہ پورے ضلع کرک کے لئے اعزاز کی بات ہے۔