باچا خان میڈیکل کالج مردان میں ایک طالبہ نے 20 گولڈ میڈلز حاصل کیے
عبدالستار
باچا خان میڈیکل کالج مردان میں دوسری کانوکیشن میں فارغ التحصیل طلباء وطالبات میں گولڈ میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کئے گئے جس میں ایک طالبہ نے 20 گولڈ میڈلز جبکہ دوسرے طالبہ نے 19 گولڈ میڈلز حاصل کیے۔
گزشتہ روز ہونے والے کانوکیشن میں گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی مہمان خصوصی تھے جبکہ نگران صوبائی کابینہ کے مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور اور ڈین آف کالج ڈاکٹر امجد علی اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کالج کے دوسرے کانوکیشن میں سال 2017 سے سال 2021 تک باچا خان میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل 450 طلبہ وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کئے جبکہ 53 ٹاپ سٹوڈنٹس کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر کالج کے سال 2019 کے طالبہ ڈاکٹر نبیلہ بی بی نے ایم بی بی ایس کے پانچ سالہ دورانیہ میں کل 20 گولڈ میڈلز گورنر خیبر پختونخوا کے ہاتھوں اصول کیے۔
ڈاکٹر نبیلہ بی بی جس کا تعلق مانسہرہ کے علاقہ چترپالن گاؤں سے بتائی گئی جبکہ پانچ بھائیوں کی اکلوتی بہن ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے گھر والوں کی تعاون اور والدین کی دعاؤں سے کامیابی حاصل کی۔ کانوکیشن میں ایم بی بی ایس کی ڈگری لینے والی طالبہ رخشندہ افسر نے 19 گولڈ میڈل حاصل کئے۔
ڈاکٹر رخشندہ افسر کا تعلق ایبٹ آباد سے بتائی گئی جو ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کے کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں تربیت حاصل کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پانچ میڈلز ہر سال ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے جبکہ ایک میڈل بیسٹ گریجویٹس اور باقی میڈلز مختلف مضامین کو ٹاپ کرنے پر حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابی کے پیچھے والدین کی دعاوں اور ان کی انتک محنت کا نتیجہ ہے۔
کانوکیشن کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کامیاب طلباء وطالبات کے والدین کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے باچا خان ڈینٹل کالج کو تسلیم کرنے کا اعلان بھی کیا جبکہ میڈیکل کالج کے معذورطلبا کے لیے تعلیم بھی مفت کردی گئی۔