خیبر پختونخوا میں ملتوی ہونے والے میٹرک امتحانات کا نیا شیڈول جاری
خالدہ نیاز
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والے ناسازگار حالات کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں ملتوی ہونے والے میٹرک امتحانات کا شیڈول دوبارہ جاری کر دیا گیا، محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں کے کھولنے کا بھی اعلان کر دیا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق تمام تعلیمی ادارے 15 مئی بروز پیر دوبارہ کھولے جائیں گے۔ میٹرک امتحانات پہلے سے اعلان کردہ شیڈول پر ہوں گے جس کے مطابق 15 مئی کو جماعت دہم کا بیالوجی کا پرچہ ہوگا، 16 مئی کو جماعت نہم کا بیالوجی اور کمپیوٹر سائنس کا پیپر ہوگا۔ اسی طرح 17 مئی کو جماعت دہم کا پاک سٹڈی کا جبکہ 18 مئی کو جماعت نہم کا پاک سٹڈی کا پییر لیا جائے گا، پی ٹی آئی احتجاج کے باعث ملتوی کئے گئے پرچے 19 مئی سے شروع ہوں گے۔ 10 مئی کو ملتوی ہونے والا پرچہ اب 19 مئی کو، 11 مئی والا 20 مئی کو، 12 مئی والا 22 مئی اور 13 مئی والا پرچہ اب 23 مئی کو لیا جائے گا۔
اس سلسلے میں پشاور بورڈ کے کنٹرولر امتحانات کی جانب سے ایک پریس ریلیز بھی جاری کی گئی ہے جس میں طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ملتوی ہونے والے پرچہ جات میں نئے جاری شدہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق اپنی حاضری یقینی بنائیں۔
نئے جاری شدہ شیڈول کے مطابق طلباء کے پریکٹیکل 25 مئی سے شروع ہونگے جو 30 مئی تک جاری رہیں گے۔
خیال رہے 9 مئی کو نیب کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے بعد ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی پرتشدد مظاہرے شروع ہوئے جس کے بعد محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے میں میٹرک امتحانات کو ملتوی کردیا تھا۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن نے اس ضمن میں اعلامیہ جاری کیا تھا جس کے مطابق خیبر پختونخوا میں سرکاری و نجی کالجز 10 مئی سے 14 مئی تک بند رہیں گے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ کالجزکی بندش کا فیصلہ موجودہ امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔ یہ فیصلہ اس وقت حالات کے پیش نظر کیا تاہم اب عمران خان کو ضمانت مل چکی ہے جس کے بعد حالات معمول کی جانب گامزن ہے۔