لکی مروت میں والدین نے اساتذہ کمی کے باعث پرائمری سکول کو تالے لگادیئے
غلام اکبر مروت
لکی مروت میں سرکاری پرائمری سکول کے طلبہ اور والدین نے اساتذہ کی کمی کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
یونین کونسل درہ تنگ کے وانڈہ میرعالم میں گزشتہ کئی مہینوں سے اساتذہ نہیں ہے جس کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے۔
جمعے کے روز طلبہ اور نکے والدین نے احتجاجی کی، انکا کہنا ہے کہ تعلیم ہمارے بچوں کا بنیادی حق ہے لہذا فوری طور پر استاد فراہم کئے جائیں۔ اساتذہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے والدین نے گورنمنٹ پرائمری سکول وانڈہ میرعالم کو بھی احتجاجاً بند کردیا ہے۔
عزیز اللہ خان نامی شخص نے بتایا کہ پچھلے کئی مہینوں سے ڈیڑھ سو بچوں کو پڑھانے کیلئے صرف ایک استاد ہے جو ڈیڑھ سو بچوں کیلئے ہر لحاظ سے ناکافی ہے اس لئے جب تک مزید اساتذہ فراہم نہیں کئے جاتے تب تک ہم سکول کو احتجاجا بند رکھیں گے۔
مقامی شخص قیوم خان نے بتایاکہ باربار محکمہ تعلیم کے مقامی حکام ایس ڈی ای اور سرکل انچارج کے نوٹس میں اساتذہ کی کمی کا مسئلہ لایا گیا اور اس طرف توجہ دلانے کی کوشش کی مگر افسران ہمارے بچوں کا مستقبل تاریک کرنے کے درپے ہیں، ہمارے بچوں کیلئے فوری طور پر مزید ٹیچرز دیئے جائیں بصورت دیگر احتجاج کو طول دینے پر مجبور ہونگے۔
علاقے کے مقامی مشر حاجی یوسف خان نے بتایا کہ اساتذہ کی فراہمی تو انتہائی ضروری ہے لیکن ساتھ ساتھ بلڈنگ کی طرف بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ سکول کافی پرانا ہے اس کے گرنے کا خدشہ ہے اس کی تعمیر نو ضروری ہے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جاسکے۔
اس سلسلے میں محکمہ تعلیم لکی مروت کے حکام سے باربار رابطے کی کوشش کی گئی لیکن علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کی وجہ سے موبائل نیٹ ورک بند ہونے کی وجہ سے رابطہ نہیں ہوپایا۔