تعلیم

لوئر دیر میں داخلہ مہم مگر استانیاں تنخواہ، طلباء کتب سے محروم

رحمت اللہ سواتی

خیبر پختونخوا کے ضلع دیر لوئر میں اگر ایک طرف سکول داخلہ مہم کا آغاز کر دیا گا ہے تو دوسری جانب ایلیمنٹری ایجوکیشن کے تحت چلنے والے کمیونٹی سکولز کی سینکڑوں استانیاں گزشتہ اک سال سے تنخواہوں سے تو ہزاروں طلباء نئے تعلیمی سال کی کتب سے محروم ہیں جس کی وجہ سے طلباء کا مستقبل داؤ پر لگ گیا۔

نمائندہ ٹی این این کی جانب سے موصول تفصیلات کے مطابق ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع میں ایلیمنٹری ایجوکیشن کے زیر اہتمام سینکڑوں بیسک ایجوکیشن کیمونٹی سکولز علاقے کے بچوں کی تعلیم و تربیت کا کام کر رہے ہیں اور ان تعلیمی اداروں میں سینکڑوں کی تعداد میں خواتین اساتذہ کام کر رہی ہیں لیکن گزشتہ ایک سال سے یہ خواتین ٹیچرز تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بار بار شکایات کرنے کے باوجود ان کی تنخواہوں کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔

مذکورہ تعلیمی اداروں میں کام کرنے والی خواتین اساتذہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایک ہفتے کے اندر اندر ان کی تنخواہوں کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو وہ سڑکوں پر نکل آئیں گی اور بھرپور احتجاج کریں گے۔

ادھر زرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ملاکنڈ ڈوپژن کے تمام بیسک کیمونٹی سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں طلباء و طالبات کو تاحال نئے تعلیمی سال کی کتب بھی فراہم نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے ہزاروں طلبہ و طالبات کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔

علاقہ کے عوام نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کے بیسک کیمونٹی سکولوں کی اساتذہ کو تنخواہیں اور طلباء کو نئے تعلیمی سال کی کتب فراہم کریں تاکہ ان کا مستقبل تاریک ہونے سے بچ سکے۔

دوسری جانب محکمہ تعلیم دیر لوئر کے زیراہتمام داخلہ مہم کا آغاز ہو گیا ہے جس میں سکول سے باہر بارہ ہزار بچوں کو داخل کروانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد زبیر خان نیازی کی قیادت میں داخلہ مہم کے سلسلے میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں سکول کے بچوں، مقامی شہریوں اور اسکول کے طلباء نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس موقع پر بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر تعلیم کی اہمیت کے بارے میں نعرے درج تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد زبیر خان نیازی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد امین اور تحصیل تیمرگرہ کے چیئرمین مولانا مفتی قاضی عرفان الدین نے بچوں میں اسکول بیگ تقسیم اور داخلہ رجسٹر میں ان کے نام رجسٹرڈ کروائے۔ مقررین نے اس موقع پر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ داخلہ مہم کو کامیاب کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ڈپٹی کمشنر دیر پائین نے تعلیم کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ صوبائی حکومت نے ضلع دیر پائین میں تقریباً ایک ہزار اساتذہ بھرتی کئے ہیں۔جن میں سے 920 اساتذہ پرائمری سکولوں میں ہائر کئے گئے ہیں۔

انہوں نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ تحصیل اور سب ڈویژن لیول پر داخلہ مہم چلائیں اور علاقائی مشران کو بھی مہم میں شامل کریں، صوبائی حکومت کی طرف سے بالکل مفت کتابیں اور تعلیم مہیا کی جا رہی ہے لہذا والدین سے درخواست ہے کہ اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرائیں۔

محمد زبیر خان نیازی نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، پرنسپلز اور اساتذہ کو آگاہ کیا کہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں ڈپٹی کمشنر ضلع دیر پائین کے ساتھ رابطہ کر سکتے ہیں۔

تحصیل ناظم عرفان الدین نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئمہ کرام اگلے جمعہ کے خطبہ میں سکول داخلہ مہم کے حوالے سے خصوصی بیان کریں۔

داخلہ مہم میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع دیر پائین محمد امین، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ایجوکیشن جمال الدین، اے ڈی ای او وجیہ الدین، اے ڈی ای او توصیف، محمد اکرام سپرانٹنڈنٹ، تحصیل ناظم مفتی عرفان الدین، پرنسپلز، اساتذہ، طلباء اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بعد میں ایجوکیشن کمپلیکس سے بلامبٹ چوک تک داخلہ مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ضلع دیر پائین کی قیادت میں واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button