جمرود کالج کے طلبہ نے باب خیبر پر امتحان دینے کی دھمکی کیوں دی ہے؟
زاہد ملاگوری
ضلع خیبر: گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز جمرود کے طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ جمرود: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سیل کئے گئے کمرے و امتحانی ہال فوری طور پر کھول دیئے جائیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان خیبر اپنا سامان کسی دوسری جگہ منتقل کرے۔
گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز جمرود کے طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا فوری طور پر کالج میں سیل کئے گئے 5 کمرے اور امتحانی یال کو کھول دیا جائے کیونکہ ہمارا تعلیمی وقت ضائع ہو رہا ہے، ”کل ڈی آئی ٹی کا امتحان شروع ہو رہا ہے جبکہ ہمارے کالج کے امتحانی ہال کو الیکشن کمیشن آف پاکستان خیبر کے عملے نے سیل کیا ہوا ہے جس کے باعث طلبہ پریشان ہیں کہ وہ امتحانی ہال کے بغیر امتحان کھلے آسمان تلے دینے پر مجبور ہوں گے۔”
طلباء نے کہا کہ 10 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان خیبر نے ہمارے کالج کو بطور مرکزی آفس کے استعمال کرنے کی اجازت لی تھی اور یہ گارنٹی دی تھی کہ 25 دسمبر 2021 سے پہلے پہلے کالج سے الیکشن کمیشن کا عملہ اپنا سامان اٹھا کر واپس چلا جائے گا تاہم تاحال الیکشن کمیشن کے عملے نے کالج سے نہ اپنا سامان اٹھایا ہے اور نہ ہی اب تک سیل کئے گئے کمرے و امتحانی ہال کو کھولا گیا ہے۔
ٹی این این کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ کمروں کی بندش کے باعث نیو ٹیک، ڈی کام، بی کام اور ڈی آئی ٹی کے کلاسز متاثر ہوئے، کالج کے طلبہ نے اس دوران اپنے کلاسز کالج کے لان میں کھلے آسمان تلے لئے جبکہ کالج میں الیکشن کمیشن آف خیبر کی سرگرمیوں کے باعث کالج کے 100 سے زائد لائٹس ضائع ہوئے ہیں، فرنیچر اور پودوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، بجلی کے زیادہ استعمال کے باعث اس دفعہ کالج کا بجلی کا بل ایک لاکھ چالیس ہزار آیا ہے، ہمارے تعلیمی سیشن کی تباہی کے بعد اب امتحانی عمل کو بھی سپوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان خیبر کے عملے، ڈی سی خیبر اور دیگر متعلقہ اداروں کو کہنے کے باوجود کالج کے سیل کئے گئے کمرے اور امتحانی ہال کو نہیں کھولا جا رہا ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے۔
طلبہ نے دھمکی دی کہ اگر کل تک کالج کے کمرے و امتحانی ہال کو نہ کھولا گیا تو جمرود باب خیبر کے مقام پر احتجاجی دھرنا دیں گے اور امتحان بھی باب خیبر کے مقام پر کرسیاں لگا کر دیں گے۔
احتجاج کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان خیبر کے عملے نے کالج کے سیل کئے گئے امتحانی ہال کو کھول دیا ہے تاہم کالج کے 5 کمرے تاحال سیل ہیں۔
الیکشن عملے کے مطابق ان کمروں میں الیکشن کمیشن کا سامان پڑا ہے جس کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے بعد فوری طور پر کمرے کھول دیئے جائیں گے۔