کیا آپ پاس ورڈ کے بغیر سائن اِن ہونے کا طریقہ جانتے ہیں؟
مائیکرو سافٹ نے اپنے صارفین کیلئے پاس ورڈ کے بغیر کسی بھی اکاؤنٹ میں لاگ اِن یا سائن اِن ہونے کا نیا طریقہ متعارف کروا دیا۔
اس بارے میں مائیکروسافٹ کے ایک تازہ اعلان میں بتایا گیا ہے کہ آج کل پاس ورڈ بھولنا ایک عام سی بات بن چکی ہے جو صارفین کے لیے شدید پریشانی کے علاوہ وقت کی بربادی کا سبب بھی بنتی ہے۔
کمپنی کے مطابق، پاس ورڈ کے بغیر کسی بھی مائیکرو سافٹ اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہونے کے لیے صارفین کو اپنے اسمارٹ فون پر ”ونڈوز ہیلو” یا ”مائیکروسافٹ آتھینٹی کیٹر” ایپ درکار ہو گی، صارف مذکورہ دونوں میں سے ایک ایپ کے ذریعے اپنے ”درست” ہونے کی تصدیق کرے گا اور بغیر پاس ورڈ ٹائپ کیے، اس اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ اسی طرح کا سیکیورٹی فیچر واٹس ایپ اور یاہو میں بہت پہلے سے موجود ہے جسے استعمال کرتے ہوئے، پاس ورڈ کے بغیر، اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہوا جا سکتا ہے۔
پاس ورڈ کے بغیر مائیکروسافٹ اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہونے کی سہولت سے نہ صرف دنیا بھر میں اس کمپنی کے کروڑوں صارفین کو فائدہ ہو گا بلکہ ہیکرز کے ممکنہ حملوں میں پاس ورڈ چوری ہونے کا خطرہ بھی نہیں رہے گا۔