ڈی آئی خان: خاندانی دشمنی پر دو گروپوں میں فائرنگ، 6 افراد جاں بحق، 1 زخمی

نثار بیٹنی
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پنیالہ میں خاندانی دشمنی کے باعث وانڈہ بیرون (اوبلین) میں دو متحارب گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔
واقعہ منگل کی صبح ساڑھے پانچ بجے پیش آیا جب دونوں گروپوں کا آمنا سامنا ہوا۔ زرائع کے مطابق فریقین قریبی رشتہ دار ہیں اور دیرینہ خاندانی تنازعے کے باعث یہ تصادم پیش آیا۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نقیب اللہ ولد محمد نواز (قوم سلمی خیل)، شفیع اللہ ولد مستی خان، نجیب اللہ ولد امان اللہ، جلال ولد احمد گل، نوید ولد محمد فرید، اور جہانزیب ولد محمد نواز کے ناموں سے ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان میں سے تین افراد اوبلین کے رہائشی تھے۔
لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر پنیالہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
مقامی افراد کے مطابق دونوں گروپوں کے درمیان کشیدگی کافی عرصے سے جاری تھی۔