خیبر پختونخوا: مختلف واقعات میں خاتون اور خواجہ سرا سمیت 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ٹانک: ملازئی گاؤں میں فائرنگ، دو بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق
ٹانک کے گاؤں ملازئی میں نامعلوم افراد نے ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سردار احمد اور اعزاز احمد، پسران گل احمد (قوم مروت، سکنہ ملازئی) اور ان کے دوست عمران ولد گل بادشاہ (سکنہ لکی مچن خیل) کے طور پر ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال ٹانک منتقل کر دیا گیا ہے۔
بنوں: سرہ درگہ میں کواڈ کاپٹر حملے میں خاتون جاں بحق، تین افراد زخمی
بنوں کے علاقے سرہ درگہ میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران کواڈ کاپٹر حملے میں گولہ ایک گھر پر جا گرا، جس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق جبکہ دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں زعفران عرف فاتح گروپ کے عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت جاری تھی، جنہیں نشانہ بنانے کے لیے کواڈ کاپٹر کے ذریعے حملہ کیا گیا۔ تاہم بدقسمتی سے گولہ میراسلم نامی شخص کے گھر پر آ گرا۔
جاں بحق خاتون اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پشاور: تھانہ تہکال کی حدود میں فائرنگ، خواجہ سرا قتل
پشاور کے علاقے تہکال میں واقع پلازہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسد نامی خواجہ سرا جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا۔