صوابی: نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جانبحق

عبد الستار
صوابی تحصیل ٹوپی کے علاقے گدون میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جانبحق ہو گئے، جبکہ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ آئی ڈی ایس گدون کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکار مقامی ہوٹل میں کھانا کھا رہے تھے۔ دو نامعلوم موٹرسائیکل سوار ہوٹل میں داخل ہوئے اور اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل جمال الدین اور کانسٹیبل زاہد موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
واقعے کے بعد لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال ٹوپی منتقل کر دیا گیا تھا، بعد ازاں شہید اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن شاہ منصور صوابی میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ جنازے میں ریجنل پولیس آفیسر مردان نجیب الرحمن بھگوی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صوابی محمد اظہر خان، ایس پی انوسٹی گیشن افتخار علی، سرکل ایس ڈی پی اوز، دیگر افسران، پولیس اہلکار اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔