جرائمعوام کی آواز
کوہاٹ: جنازے کے دوران فائرنگ سے دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق، 16 زخمی

کوہاٹ کے نواحی علاقے غنڈہ چیچنہ میں خاتون کے جنازے کے دوران فائرنگ سے دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ سات خواتین سمیت 16 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایا جا رہا ہے۔
ڈی پی او کوہاٹ ڈاکٹر زائد کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب میران بادشاہ نامی شخص کے گھر میں ایک خاتون کا جنازہ ہو رہا تھا۔ جنازے کے دوران مخالفین نے پرانی دشمنی پر حملہ کیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں موقع پر ہی تین افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے جن میں خواتین اور راہ گیر بھی شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، اور لاشوں و زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔