جرائمعوام کی آواز
باجوڑ/بنوں: تھانوں پر شدت پسندوں کا حملہ، ایس ایچ او سمیت 6 افراد زخمی

ضلع باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند میں دہشتگردوں نے رات گئے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ لوئی ماموند پر دہشتگردوں نے گرینیڈ لانچرز، ایس ایم جیز (SMGs)، آر پی جیز (RPGs) اور دستی بموں کا استعمال کیا۔
زخمی اہلکاروں میں ایس ایچ او فضلی رحمان، شاکر، طورسم اور محمد حسن شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا گیا، جہاں ایک اہلکار کو مزید علاج کے لیے پشاور ریفر کر دیا گیا۔
دوسری جانب بنوں میں بھی شدت پسندوں نے پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔ تھانہ میریان پر عسکریت پسندوں نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو شہری زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ پچاس منٹ سے زائد جاری رہا۔