پشاور: یونیورسٹی روڈ پر فائرنگ، تین افراد جاں بحق

پشاور تھانہ تہکال کی حدود یونیورسٹی روڈ پر سپین جماعت کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب تینوں افراد ایک وٹز گاڑی میں سوار تھے۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت وقار ولد واجد شاہ، ثمین جان اور حسنین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جبکہ زخمی کی شناخت 30 سالہ وقار ولد واجد شاہ ساکن جمرود کے طور پر کی گئی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی ٹاؤن آصف شریف، ایس ایچ او صدام خان اور تفتیشی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ جائے واردات سے خالی خول اور دیگر شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ مقتولین کے ورثاء کو اطلاع دے دی گئی ہے، جن کی موجودگی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔