جرائمعوام کی آواز

خیبر پختونخوا: فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 7 افراد جانبحق جبکہ دو شدید زخمی

پشاور کے نواحی علاقے تھانہ ارمڑ کی حدود میں واقع خٹکو پل کے قریب رات گئے دو خاندانوں کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جانبحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات دو بجے کے قریب پیش آیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے جدید اسلحے، خصوصاً کلاشنکوف کا استعمال کیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ زخمی کو تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو تنازعے کا شاخسانہ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فریقین آپس میں قریبی رشتہ دار تھے، اور وقوعے سے دو روز قبل ملزم کی بیوی نے مبینہ طور پر خودکشی کی تھی، جس پر ملزم نے مقتولین کو اپنی بیوی کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے گلی باغ والی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نوجوان جانبحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں نوجوان جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھتے تھے اور اپنے دادا کے انتقال کے بعد کفن دفن کا سامان لینے بازار جا رہے تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق جانبحق نوجوان کی شناخت انس محسود جبکہ زخمی کی شناخت سلمان محسود کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان واردات کے بعد مقتولین کی موٹر سائیکل بھی ساتھ لے گئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button