بنوں: بسیہ خیل پولیس موبائل پر دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج

بنوں تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں گزشتہ روز پولیس موبائل وین پر ہونے والے دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر ایس ایچ او بسیہ خیل بختیار خان کی مدعیت میں نامعلوم کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گردوں کے خلاف درج کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ سکندر خیل بالا کے علاقے میں گورنمنٹ ہائی سکول کے سامنے اُس وقت ہوا جب پولیس موبائل علاقے میں معمول کی گشت پر تھی۔ سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں اسکول کے تین بچے زخمی ہو گئے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق دھماکے میں پانچ کلو بارودی مواد، بال بیرنگ اور دیگر خطرناک اجزاء استعمال کئے گئے تھے۔ جبکہ زخمی بچوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی ادارے مشترکہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔