کوئٹہ: مستونگ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور دو لیویز اہلکار فائرنگ سے جانبحق

مستونگ کے علاقے کلی تری میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر تعینات دو لیویز اہلکار جانبحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ اُس وقت ہوا جب اہلکار پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی پر موجود تھے۔
واقعے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ تاحال کسی گروہ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ پولیو ٹیموں کی حفاظت پر مامور جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ حکومت شہداء کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت بلوچستان ہر صورت میں پولیو مہم کو کامیاب بنائے گی اور کسی کو اس میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ صوبے بھر میں پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔