بنوں: سکول جاتے ہوئے سرکاری استاد اغوا، دشمنی یا کچھ اور؟

بنوں تھانہ میریان کی حدود میں نامعلوم افراد نے ڈیوٹی پر جانے والے سرکاری سکول کے استاد کو اغوا کر لیا۔ مغوی کی شناخت فرمان اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو گورنمنٹ پرائمری اسکول نرمی خیل میں تعینات تھے۔
پولیس کے مطابق استاد فرمان اللہ کو ٹوچی پل کے قریب سے اغوا کیا گیا، جب وہ معمول کے مطابق اپنے گاؤں نورڑ سے سکول جا رہے تھے۔ اطلاع کے مطابق نامعلوم افراد نے انہیں زبردستی ایک گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام کی طرف لے جایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مغوی استاد تدریس کے ساتھ ساتھ ایک عطائی ڈاکٹر کے طور پر بھی کام کرتے تھے اور اپنے گاؤں نورڑ میں ایک سٹور چلاتے تھے، جہاں مقامی لوگ علاج معالجے کے لیے ان کے پاس آتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مغوی استاد کی کسی کے ساتھ دشمنی یا ذاتی عداوت کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اغوا کی واردات کے بعد پولیس نے مغوی کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے، اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔