جرائمعوام کی آواز

جنوبی وزیرستان: پولیو ڈیوٹی پر فائرنگ کا تبادلہ، پولیس اہلکار جانبحق، دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا میں انسدادِ پولیو مہم کے آغاز کے ساتھ ہی مختلف اضلاع میں سیکیورٹی صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔ جنوبی وزیرستان میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس کانسٹیبل جانبحق جبکہ ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق شہید کانسٹیبل انسدادِ پولیو مہم پر مامور تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے راکٹ لانچر، مشین گن، دو موٹر سائیکلیں، قومی شناختی کارڈ، تین اے ٹی ایم کارڈز اور ایک اسمارٹ فون برآمد ہوا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی اعظم ورسک میں درج کر لیا گیا ہے۔

ادھر ملاکنڈ کے علاقے منزرے بابا میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیوی اہلکار گل خان سے نامعلوم مسلح افراد نے سرکاری اسلحہ چھین لیا۔ اہلکار پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر موٹرسائیکل کے ذریعے روانہ تھا کہ حملہ آوروں نے راستے میں روک کر اسلحہ چھینا اور اس کی موٹر سائیکل دریا میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب صوبے بھر میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس دوران 65 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صرف پشاور میں یہ ہدف 8 لاکھ بچوں پر مشتمل ہے۔ پشاور اور ضلع خیبر میں مہم سات دن جبکہ دیگر اضلاع میں پانچ روز تک جاری رہے گی۔

محکمہ صحت کے مطابق مہم میں 35 ہزار 460 پولیو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ ان کی حفاظت کے لیے 50 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ضلع خیبر میں مہم ڈی پی او رائے مظہر اقبال کی نگرانی میں سخت سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ جاری ہے، جہاں 945 پولیو ٹیموں کے ساتھ 2300 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

سیکیورٹی کو مد نظر رکھتے ہوئے حساس علاقوں میں ناکہ بندیاں، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، اور سپیشل فورسز کی گشت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ڈی پی او خیبر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں بھرپور تعاون کریں تاکہ پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔

محکمہ صحت کے مطابق رواں سال خیبرپختونخوا میں پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہو چکا ہے، جس کے بعد یہ مہم سال 2025 کی دوسری بڑی مہم ہے۔ ضلع خیبر میں اس بار 2 لاکھ 8 ہزار 452 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button