جرائمعوام کی آواز

درہ آدم خیل: صحافی نثار آفریدی کے گھر پر گرینیڈ گر گیا، اہل خانہ محفوظ

خیبرپختونخوا کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کے گاؤں بازی خیل میں 17 اپریل کو تقریباً سہ پہر 3 بجکر 30 منٹ پر جاری مقامی تنازعے کے دوران گرینیڈ صحافی نثار آفریدی کے گھر کے احاطے میں گرا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گھر کی چھت پر نصب سولر پینل سسٹم کو نقصان پہنچا۔

صحافی نثار آفریدی، جو روزنامہ خبریں سے وابستہ ہیں، نے ٹی این این کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے علاقے میں کوئلے کی کان کی ملکیت پر دو فریقین — ملک اکبر اور ملک لطیف — کے مابین عرصے سے تنازع چلا آ رہا ہے، جو بعض اوقات مسلح تصادم کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھگڑے کے دوران دستی بم ان کے گھر کے قریب آ گرا، جس سے سولر پلانٹ کو نقصان پہنچا مگر اہل خانہ محفوظ رہے۔

نثار آفریدی کے مطابق، یہ پہلا واقعہ نہیں۔ کچھ ماہ قبل بھی فائرنگ کے ایک اور واقعے میں ان کے گھر کی چھت پر نصب سولر پینلز کو جزوی نقصان پہنچا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ گاؤں میں مسلح جھگڑوں کے باعث مقامی آبادی کو مسلسل خطرات لاحق ہیں۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ اس دیرینہ تنازعے کے پائیدار حل کے لیے اقدامات کئے جائیں تاکہ علاقے کے عام شہری ان غیر یقینی اور خطرناک حالات سے محفوظ رہ سکیں۔

درہ آدم خیل، جو پشاور سے جنوب کی جانب تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، ماضی میں بھی پرتشدد واقعات اور سیکیورٹی چیلنجز کا شکار رہا ہے.

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button