بنوں سے اغواء ہونے والے سرکاری ملازمین بازیاب

بنوں کے علاقے تھانہ ڈومیل کی حدود سے 6 اپریل کو اغواء ہونے والے دو سرکاری ملازمین کو اغواء کاروں نے تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کر دیا۔ رہائی پانے والوں میں ویلج کونسل سیکرٹری نعمان الحسینی اور محکمہ صحت سے وابستہ اشفاق شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں اہلکار شکار کی غرض سے سپینہ تنگی کے علاقے میں گئے تھے جہاں نامعلوم مسلح افراد نے انہیں اغواء کر لیا۔ واقعے کے بعد مغویان کے اہلِ خانہ اور علاقائی مشران کی جانب سے سخت تشویش کا اظہار کیا گیا، جبکہ چند روز بعد جاری ہونے والی ویڈیو میں مغوی نعمان الحسینی نے حکومت اور قبائلی عمائدین سے رہائی کی اپیل کی تھی۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق دونوں مغویان کو گزشتہ رات رہا کیا گیا اور وہ بحفاظت اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی رہائی تاوان کی ادائیگی کے بعد ممکن ہوئی، تاہم تاوان کی رقم کے بارے میں کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔
مزید برآں علاقائی مشران نے روڈ بلاک کرنے کا اعلان بھی کر رکھا تھا، تاہم رہائی کے بعد احتجاج کی کال واپس لے لی گئی ہے۔