جرائمعوام کی آواز
کرک: بین الاضلاعی اسلحہ اسمگلنگ ناکام، واقعہ میں ملوث دو پولیس اہلکار گرفتار

کرک پولیس نے اسلحہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 32 پستول، 9 کلاشنکوف، رپیٹر، کالاکوف اور ہزاروں گولیاں برآمد کر لی۔ ڈی پی او کرک شہباز الٰہی کے مطابق یہ جدید خودکار اسلحہ درہ آدم خیل سے جنوبی اضلاع اسمگل کیا جا رہا تھا، جو ممکنہ طور پر ریاست اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف استعمال ہونا تھا۔
پولیس نے مشکوک گاڑی کا تعاقب کرکے دو اسمگلرز کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت پیاؤالرحمان اور خرم شہزاد کے ناموں سے ہوئی، دونوں ملزمان حاضر سروس پولیس اہلکار ہیں، جن میں ایک کوہاٹ پولیس اور دوسرا کرک پولیس میں تعینات تھا۔
ڈی پی او کے مطابق ملزمان نے ناکہ بندی دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اور ایمونیشن سے بھری گاڑی قبضے میں لے لی۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔