پشاور: بینک کیش وین لوٹنے والے ملزمان گرفتار، 3 کروڑ سے زائد رقم برآمد

پشاور کے ہشتنگری جی ٹی روڈ پر بینک آف پنجاب کی کیش وین لوٹنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ڈکیتی میں لوٹی گئی 3 کروڑ سے زائد رقم بھی برآمد کرلی گئی۔
ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ واردات میں ملوث وین ڈرائیور سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
مسعود بنگش کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ڈکیتی وین ڈرائیور کی ملی بھگت سے کی گئی۔ ڈرائیور صرف چھ ماہ سے وین میں کام کر رہا تھا اور ماضی میں بھی مختلف جگہوں سے نکالا جا چکا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق کیش وین سے بھاری رقم مختلف اضلاع کو منتقل کی جانی تھی، جس کی معلومات پہلے سے ہی ملزمان کو تھیں۔ مزید تفتیش کے دوران گرفتار افراد کے کرمنل ریکارڈ کی چھان بین بھی کی جا رہی ہے تاکہ دیگر ممکنہ روابط کا پتا چلایا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے ہشتنگری جی ٹی روڈ پر ڈاکوؤں نے کیش وین کو لوٹ کر فرار ہو گئے تھے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔