پاراچنار: دستی بم دھماکہ، تین افراد جانبحق، ایک زخمی

پاراچنار کے علاقے طوری قبرستان کے قریب زیر تعمیر گھر میں دستی بم کے پھٹنے سے تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق، دھماکہ منشیات کے عادی ایک شخص کے ساتھ پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق، دستی بم پھٹنے کے نتیجے میں تین افراد کی موت ہوگئی، جبکہ ایک زخمی کو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ زخمی کی شناخت سید جواد کے نام سے ہوئی ہے، جس کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ایس ایچ او پاراچنار سٹی، اشتیاق حسین کے مطابق، طوری قبرستان کے قریب واقعہ اس وقت پیش آیا جب منشیات کے عادی افراد نے ایک زیر تعمیر گھر میں رہائش اختیار کی تھی۔ ہفتے کی صبح، اس دوران منشیات کے عادی افراد کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص نے دستی بم کا پن نکال لیا، اور دھماکے سے یہ بم پھٹ گیا۔
دوسری جانب پولیس نے شباب نامی ایک اور نوجوان کو گرفتار کر کے ان سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔