لکی مروت: پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ میں ایک ڈاکو ہلاک، ایک گرفتار

لکی مروت کے علاقے درہ تنگ روڈ پر وانڈہ پائندہ خان کے قریب ،تھانہ صدر پولیس اور مقامی لوگوں اور ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق، ڈاکوؤں کے گینگ کا سرغنہ فرقان سکنہ بیرگی حکیم خان ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے ایک ساتھی ریبت خان زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ ان کا تیسرے ساتھی محمد علی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق، مقامی پولیس اور علاقائی رضاکاروں کو علاقے کے شہریوں سے اطلاع ملی تھی کہ درہ تنگ روڈ پر تین مسلح ڈاکو موٹر سائیکل پر سوار ہیں اور ڈکیتی کی نیت سے کھڑے ہیں۔ اطلاع ملنے کے بعد ایس ایچ او تھانہ صدر طارق محمود کی قیادت میں پولیس اور رضاکاروں نے فوراً کارروائی کی۔ جب ڈاکو پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے، تو پولیس اور عوام نے ان کا پیچھا کیا۔ اس دوران ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔
جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکو گینگ کے سرغنہ فرقان سکنہ بیرگی حکیم خان ہلاک ہوگیا۔ اس کے ساتھی ریبت خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ان کا تیسرا ساتھی محمد علی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے لوٹی ہوئی رقم، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔