جرائمعوام کی آواز

جعفر ایکسپریس حملہ، سیکیورٹی فورسز آپریشن میں 155 مسافر بازیاب، 27 دہشتگرد ہلاک

حملے کے دوران دہشت گردوں نے خودکش بمباروں کو یرغمالی مسافروں کے درمیان بٹھا دیا تھا

کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر گزشتہ روز بولان کے علاقے میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر آپریشن شروع کیا جس کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ حملے کے بعد اب تک 155 یرغمال مسافروں کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا ہے، جبکہ 27 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، حملے کے دوران دہشت گردوں نے خودکش بمباروں کو یرغمالی مسافروں کے درمیان بٹھا دیا تھا۔ خودکش بمباروں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا، جس کے باعث آپریشن میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق، اب تک 37 زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کے لیے روانہ کیا جا چکا ہے۔ زخمیوں میں کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی محنت اور احتیاط کے ساتھ ان یرغمالیوں کو آزاد کرایا ہے۔

ایک بازیاب ہونے والے مسافر نے بتایا کہ "فائرنگ کی آوازیں سنی، اللہ کا شکر ہے کہ فوج اور ایف سی اہلکار ہمیں بحفاظت یہاں لے آئے۔”

اسی دوران، راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی متاثرہ مسافر کی معلومات فراہم کی جا سکیں۔ ڈی ایس نور الدین داوڑ کے مطابق، ہیلپ ڈیسک کا پشاور اور کوئٹہ کے کنٹرول روم سے رابطہ برقرار ہے تاکہ کوئی بھی اپ ڈیٹ فوری طور پر مسافروں تک پہنچائی جا سکے۔

یاد رہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملہ گزشتہ روز کچھی بولان میں پنیر ریلوے اسٹیشن کے قریب ہوا، جہاں دہشت گردوں نے ٹرین کو ہائی جیک کر کے 400 مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں ٹرین کا ڈرائیور زخمی ہو گیا تھا، جس کے بعد دہشت گردوں نے ٹرین کو سرنگ میں گھیر لیا تھا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق، ریلوے کے سینئر افسر عمران حیات نے بتایا کہ اس حملے میں ٹرین کے ڈرائیور سمیت 10 افراد شہید ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عامر علی بلوچ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے لیے تمام مسافر اور مال بردار ٹرینیں اس وقت تک معطل رہیں گی، جب تک سیکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے علاقے کی کلیئرنس نہ دے دی جائے، بلوچستان میں حالات معمول پر آنے تک ٹرینیں عارضی طور پر معطل کی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button