چارسدہ: معمولی تنازعہ دو بھائیوں سمیت پانچ افراد کی جان لے گیا
پیر کو رات گئے تک میتوں کی تدفین نہ ہو سکی تھی کیونکہ فریقین کا قبرستان مشترکہ ہے جس کی وجہ سے تدفین کے دوران ایک بار پھر تصادم کا خدشہ تھا۔۔ زرائع

خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں پیر کی شام افطاری سے قبل دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت پانچ افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس ترجمان صفی اللہ کے مطابق یہ واقعہ تھانہ ترناب کی حدود میں واقع بابکری گاؤں میں پیش آیا جہاں معمولی تنازعہ نے سنگین رخ اختیار کر لیا۔
جھگڑا کس بات پر تھا؟
پولیس کے مطابق فریق دوم کے افراد سرِ راہ چارپائی پر بیٹھے گفتگو کر رہے تھے جب فریق اول نے انہیں یہ کہہ کر منع کیا کہ ان کے گھر کے سامنے بیٹھنے سے پردے اور چادر و چاردیواری کا تقدس پامال ہو رہا ہے۔ اس معاملے پر فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے خونریز تصادم میں تبدیل ہو گئی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں فریق اول سے عاصم ولد خائستہ گل، نیاز گل ولد خائستہ گل اور زاہد ولد نظر گل جاں بحق ہوئے، جبکہ فریق دوم سے حضرت علی ولد خورشید اور صفدر ولد آزاد خان جان کی بازی ہار گئے۔ اسی دوران ایک شخص سلیمان ولد آزاد شدید زخمی ہوا جسے پولیس نے حراست میں لے کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہائے یہ بے زبان جانور۔۔۔۔۔!!
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زاہد اللہ ہسپتال منتقلی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے فریقین کے خلاف دفعہ 302 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
تدفین میں تاخیر، علاقہ مکین خوفزدہ
زرائع کے مطابق پیر کو رات گئے تک میتوں کی تدفین نہ ہو سکی تھی کیونکہ فریقین کا قبرستان مشترکہ ہے جس کی وجہ سے تدفین کے دوران ایک بار پھر تصادم کا خدشہ تھا۔ علاقہ مشران اور پولیس امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تدفین کے لئے علیحدہ اوقات طے کرنے کی کوشش کرتے رہے۔
یہ واقعہ علاقے میں کشیدگی کا سبب بنا ہوا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ مکمل چھان بین کے بعد ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں گے۔