جرائمعوام کی آواز

بنوں: کینٹ علاقے میں دھماکے اور فائرنگ، 12 افراد جاں بحق، 36 زخمی

بنوں کینٹ علاقے میں ہونے والے دھماکوں اور فائرنگ کے تبادلے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 36 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، ایک دھماکہ کوہاٹی گیٹ پر جبکہ دوسرا کینٹ کے بیگ سائڈ پر ہوا ہے۔ دونوں دھماکے شدید نوعیت کے تھے اور اس کے بعد کینٹ کی اطراف میں شدید فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

ذرائع کے مطابق، دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد بھی شامل ہیں، جن کی میتیں ان کے گھروں میں منتقل کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ گیارہ قبروں کی کشائی کا عمل بھی جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، گزشتہ روز دہشت گردوں نے رمضان کے مقدس مہینے میں افطار کے وقت بنوں بازار میں رش کے دوران بارود سے بھری دو گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا کر دھماکہ کیا۔ ایک گاڑی بازار سے ملحقہ علاقے میں پھاڑ دی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد معصوم شہری شہید اور زخمی ہوئے، جبکہ قریبی مسجد بھی مکمل طور پر شہید ہوگئی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، علی امین گنڈاپور نے بنوں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button