پشاور: نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ، شوہر جانبحق، بیوی زخمی

پشاور میں نامعلوم مسلح افراد کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں شوہر جانبحق اور بیوی زخمی ہوگئی۔
فائرنگ کا واقعہ تھانہ شاہ قبول کی حدود باجوڑی گیٹ، لیڈی گرفتھ اسکول کے قریب پیش آیا، گولیاں لگنے سے شوہر موقع پر ہی چل بسا، جب کہ زخمی ہونے والی اس کی اہلیہ کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی نفری جائے وقوعہ پر بھیج دی گئی تھی، ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا شخص اور اس کی اہلیہ کہیں جار ہے تھے، کہ مسلح ملزمان نے ان کی کار پر فائرنگ کر دی، زخمی ہونے والی خاتون مرنے والی کی اہلیہ ہے.
پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا کے آنے اور رپورٹ کرنے پر مقدمہ درج کیا جائے گا، فی الحال پولیس نے خاتون کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کروایا ہے، جاننے کی کوشش کرر ہے ہیں کہ واقعہ کس طرح پیش آیا، اور کون اس میں ملوث ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پشاور کے علاقے تہکال میں فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد جانبحق ہوئے تھے۔