شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 12 دہشت گرد ہلاک،لانس نائیک شہید، آئی ایس پی آر

پاک افغان بارڈر کے قریب تحصیل دتہ خیل کے علاقے مارغہ میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 4 دہشت گرد زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کراس فائرنگ کے دوران لانس نائیک محمد ابراہیم شہید ہو گئے، جبکہ ایک کیپٹن سمیت 3 اہلکار زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں اور اسلحہ فورسز کی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ شہید لانس نائیک محمد ابراہیم کے علاوہ کیپٹن سعد، حوالدار سہراب اور سپاہی عبدالعلیم زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے بنوں کے سی ایم ایچ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ کارروائی دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر حملے کے بعد کی گئی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے، جس میں 12 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے لانس نائیک محمد ابراہیم کی قربانی کو بھرپور عقیدت کے ساتھ یاد کیا۔ انہوں نے شہید لانس نائیک محمد ابراہیم کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا، اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کا عزم اور بہادری قوم کے لئے ایک مثالی مثال ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پورا پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔