ضلع خیبر: تاجر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شیر محمد آفریدی اور انکا چچازاد نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل
وحیداللہ آفریدی
ضلع خیبر کے دورافتادہ علاقے وادی تیراہ میں تاجر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شیر محمد آفریدی اور ان کے چچازاد بھائی ابرار خان کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا ہے۔ دونوں کی نعشیں آج بھوٹان شریف کے علاقے سے برآمد ہوئیں۔ دونوں افراد کو تقریباً ایک ہفتہ قبل مسلح افراد نے تحصیل باڑہ کے علاقے میدان سے اغواء کیا تھا۔
پولیس ذرائع نے واقعے کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ 30 جنوری 2025 کو صبح کے وقت حاجی شیر محمد آفریدی اور ابرار خان کو مسلح افراد نے اغواء کر لیا تھا۔ مقامی سطح پر ان کی بازیابی کے لئے متعدد کوششیں کی گئیں، جن میں جرگہ اور مذاکرات شامل تھے، تاہم یہ تمام کوششیں بےسود ثابت ہوئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ واقعہ ایک دورافتادہ علاقے میں پیش آیا ہے، اس لئے مکمل تفصیلات آنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ تاہم، یہ تصدیق ہو چکی ہے کہ برآمد ہونے والی نعشیں وہی مغوی افراد کی ہیں۔
مقامی صحافی نے ٹرائبل نیوز نیٹ ورک کو بتایا کہ مغوی صدر حاجی شیر محمد آفریدی اور ان کے ساتھی گزشتہ ایک ہفتہ سے اغواء کاروں کی تحویل میں تھے، اور ان کی بازیابی کے لئے مقامی سطح پر کئی کوششیں کی گئیں، مگر اغوا کاروں کی شناخت اور ان کے مقاصد کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔
صحافی نے مزید کہا کہ ان کی رہائی کے لئے کسی قسم کا تاوان طلب نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی قسم کی ڈیل کی بات سامنے آئی۔
انکا کہنا ہے کہ اس اندوہناک واقعے کے بعد وادی تیراہ اور اس کے ملحقہ علاقے باڑہ پلین میں سوگ کی فضا پھیل گئی ہے، اور مکینوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تاجر برادری نے اس واقعہ کو علاقے کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔
خیبر سے رکن قومی اسمبلی حاجی اقبال آفریدی نے فیس بک پر اپنے بیان میں کہا کہ "وادی تیراہ میں تاجر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شیر محمد آفریدی کو شہید کر دیا گیا ہے، اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائیں، ہم غمزدہ خانہ دان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔”