کرم: امدادی قافلے پر حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہو گئی؛ 5 ڈرائیور تاحال لاپتہ
چار ڈرائیوروں کی لاشیں اڑاولی سے برآمد ہوئیں جن کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور انہیں تشدد کے بعد گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ حملہ آوروں نے ٹرکوں کو لوٹنے کے بعد نذرآتش کر دیا تھا۔ ذرائع
ضلع کرم میں گزشتہ روز قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہو گئی؛ پولیس ذرائع کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور اہلکار چل بسا، حملے میں اب تک دو اہلکار اور 4 ڈرائیورز جاں بحق ہو چکے ہیں، 5 ڈرائیور تاحال لاپتہ ہیں، جبکہ 5 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق چار ڈرائیوروں کی لاشیں اڑاولی سے برآمد ہوئیں جن کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور انہیں تشدد کے بعد گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ حملہ آوروں نے ٹرکوں کو لوٹنے کے بعد نذرآتش کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ کرم جانے والے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار جاں بحق، جبکہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 حملہ آور ہلاک ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: موسم سرما میں بالوں کی حفاظت، مگر کیسے؟
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حملے سے قافلے میں شامل 3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا، تیسرے قافلے کے پہلے مرحلے میں ادیات، پھل، سبزیوں اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء سے لدی 35 مال بردار گاڑیاں روانہ کی گئیں تھیں جبکہ قافلے کی سکیورٹی کے لیے پولیس، ایف سی اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات تھی۔
دہشتگردانہ حملے کے بعد کرم جان والے مال بردار قافلے کو روک کر واپس ٹل روانہ کر دیا گیا تھا۔