خیبر پختونخوا: دو مختلف کارروائیوں کے دوران آٹھ دہشت گرد مارے گئے
ضلع ٹانک میں ایک انٹلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6، جبکہ دوسرا آپریشن ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کیا گیا جہاں 2 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا۔ آئی ایس پی آر
خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف کارروائیوں کے دوران آٹھ دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع ٹانک میں ایک انٹلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسرا آپریشن ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کیا جہاں 2 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا: ائیر ایمبولینس منصوبہ تاحال شروع نہ کیا جا سکا
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بلوچستان میں 27 عسکریت پسند مارے گئے
خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 27 دہشتگردوں کو ٹھکانے لگایا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کا گھیراؤ کیا جس پر دوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 27 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے، اسلحے اور گولہ بارود کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد فورسز اور شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔