لکی کی ”اَن لکی” پولیس کے مزید دو جوان ٹارگٹ کلنگ کا شکار
واقعہ تھانہ غزنی خیل کی حدود خیروخیل پکہ میں پیش آیا، نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں کانسٹیبل حکمت خان اور خان بہادر شامل ہیں۔ ذرائع
لکی مروت: خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بدامنی کے واقعات بالخصوص پولیس پر حملوں کا سلسلہ تھم نا سکا، تازہ ترین واقعہ لکی مروت میں ہیش آیا ہے جہاں خیبر پختونخوا پولیس کے دو جوان نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ تھانہ غزنی خیل کی حدود خیروخیل پکہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ دو پولیس کانسٹیبلز حکمت خان اور خان بہادر جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی سی کرم پر حملہ؛ دو مبینہ شرپسند گرفتار؛ دیگر ملزمان حوالہ نا کرنے پر کلیئرنس آپریشن کا فیصلہ
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وقوعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے، اور علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے شہداء کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال تاجہ زئی منتقل کر دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا بالخصوص صوبے کے جنوبی 9 اضلاع میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اور خاص طور پر پولیس فورس پر حملے روزمرہ کا معمول بن چکے ہیں۔ اِس سے قبل 3 جنوری کو میرانشاہ روڈ بنوں پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے کانسٹیبل کامران کو قتل کر دیا تھا، جبکہ اس سے چار روز قبل، 31 دسمبر کو، بنوں ہی میں پولیس موبائل وین کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی گئی تھی جس میں سب انسپکٹر سمیت چھ اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔