کرم: ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کی فائرنگ، 6 اہلکار جاں بحق 7 زخمی
بنوں کے تھانہ ڈومیل کی حدود پاکستان چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار عبدالصبور خان جاں بحق ہو گیا۔
کرم: بگن کے قریب ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ٹل سکاؤٹ کے 6 اہلکار جاں بحق جبکہ سات زخمی ہو گئے۔
زرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے ایف سی اہلکاروں کو ٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں نائب صوبیدار خالق بنگش، حوالدار جدید اورکزئی، لانس نائیک ولایت حسین طوری، لانس نائیک شہید الرحمن، سپاہی نظام الدین محسود اور سپاہی صفت اللہ افریدی، جبکہ زخمیوں میں حوالدار ثواب گل خٹک، نائیک سعید خان خٹک، نائیک عابد حسین خٹک، لانس نائیک طاہر بنگش، سپاہی عامر سہیل آفریدی، سپاہی طیب رحمان، اور توحید اللہ مروت شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو سی ایم ایچ ٹل منتقل کر دیے گئے ہیں۔
21 نومبر علاقے میں پاراچنار کے مسافر گاڑیوں کے کانوائے پر حملے میں خواتین و بچوں سمیت 45 افراد جاں بحق ہو گئے تھے؛ جبکہ بعد کے پرتشدد مظاہروں اور مسلح تصادم کے نتیجے میں مجموعی طور پر 133 افراد جاں بحق جبکہ 200 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پشتون قومی جرگہ: کرم میں غیرمعینہ مدت تک جنگ بندی کا فیصلہ
گزشتہ روز پشتون قومی جرگہ نے فریقین کے ساتھ مذاکرات کے بعد غیرمعینہ مدت تک جنگ بندی کا اعلان کیا؛ اور یہ طے کیا تھا کہ جرگہ کے حتمی فیصلے تک مورچے خالی رہیں گے۔
دوسری جانب بنوں کے تھانہ ڈومیل کی حدود پاکستان چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار عبدالصبور خان جاں بحق ہو گیا۔ زرائع کے مطابق عبدالصبور پولیس انویسٹی گیشن میں ملازم تھا اور دفتر کی دفتر جا رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔