خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی آپریشن، 7 شدت پسند ہلاک
ہلاک شدت پسند سکیورٹی فورسز کےخلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 7 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 3 شدت پسند ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ فورسز نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانے کا موثر انداز میں پتہ لگایا اور کارروائی کی؛ ہلاک عسکریت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں پائے جانے والے کسی اور عسکریت پسند کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس سے مزید 2 بچے متاثر
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک شدت پسند سکیورٹی فورسز کےخلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع کیچ میں آپریشن کر کے ایک، ضلع آواران میں آپریشن کر کے دو اور ضلع ڈیرہ بگٹی میں آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک کو ہلاک کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کہ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔